ڈیلی پرل ویو. ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میرپور فرخ اویس نے فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا تفصیلی دورہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے علاج معالجے کی فراہمی کے عمل، دستیاب سہولیات اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ڈی ای او فرخ اویس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر میرپور میں مریضوں کو جدید سہولیات کے ساتھ مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جو کہ انجمن فلاح و بہبودِ انسانیت میرپور کی قابلِ تحسین خدمات کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر انہوں نے صدر انجمن فلاح و بہبودِ انسانیت ڈاکٹر طاہر محمود اور ڈی ایم ایس ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے خصوصی ملاقات بھی کی۔ ملاقات کے دوران فلاحی سرگرمیوں، عوام میں گردوں کے امراض سے متعلق آگاہی، اور تعلیمی اداروں میں صحت سے متعلق مہمات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فرخ اویس نے کہا کہ وہ عوام میں گردوں کے امراض کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش رکھتے ہیں اور انجمن فلاح و بہبودِ انسانیت میرپور کی آگاہی مہم میں محکمہ تعلیم کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میرپور کے تمام تعلیمی ادارے ایسی مثبت مہمات میں ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے تاکہ طلبہ اور والدین کو بروقت آگاہی حاصل ہو سکے۔دورے کے موقع پر خواتین ونگ کی انچارج عائشہ ملک، حفصہ باری، فرزانہ راجہ، ایڈمن آفیسر جہانگیر مغل، منیر عبدالماجد، وارڈ ماسٹر محمد اسحاق گورسی اور معروف صحافی آصف اقبال بھی موجود تھے۔فرخ اویس نے آخر میں اسپتال انتظامیہ اور فلاحی تنظیم کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے معاشرتی فلاح و بہبود کے ستون ہیں، جن کی بدولت مستحق مریضوں کو زندگی کی نئی امید مل رہی ہے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل