مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو)وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس مظفرآباد میں شہباز یوسف کی جانب سے کی جانے والی شکایت کے ازالہ کے لیے کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار نے کی۔ سماعت میں ہائیرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فواد خان پراجیکٹ منیجر پیش ہوئے جبکہ یونیورسٹی آف آزادجموں و کشمیر کی جانب سے رجسٹرارسعادت احمد ڈار پیش ہوئے۔ شاکی نے موقف اختیار کیا کہ پرائم منسٹر یوتھ سکیم کے تحت میرے نام پر لیپ ٹاپ جاری ہوا جو کہ مجھے آج تک نہیں ملا۔ اس موقع پر فواد خان پراجیکٹ منیجر ہائیرایجوکیشن نے بتایا کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے شہباز یوسف کو لیپ ٹاپ بذریعہ اے جے کے یونیورسٹی بھیجوایا گیا ہے۔ جس پر رجسٹرار اے جے کے یونیورسٹی سعادت احمد ڈار نے بتایا کہ متعلقہ طالب علم سے رابطہ قائم نہ ہونے کی وجہ سے لیپ ٹاپ ان کو فراہم نہیں کیا جا سکا جو کہ یونیورسٹی کے سٹور میں موجود ہے اور متعلقہ طالب علم کے حوالہ کیاجانا ہے۔ جس پر وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصورقادر ڈار نے کہا کہ فوری طور پر لیپ ٹاپ متعلقہ طالب علم شہباز یوسف کے حوالہ کیا جائے جس پر رجسٹرار اے جے کے یونیورسٹی نے کہا کہ 2دن کے اندر پراسس کو پورا کرتے ہوئے لیپ ٹاپ متعلقہ طالب علم کو فراہم کر دیا جائے گا جس پر شاکی شہباز یوسف نے کہا کہ میں وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کا شکریہ اداکرتا ہوں جنہوں نے آزادکشمیر کے اندر وفاقی محتسب کا قیام عمل میں لایا۔ وفاقی محتسب کے آزادکشمیر میں قیام کی وجہ سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں میرا مسئلہ 60دن کے مختصر عرصہ میں حل کر دیا گیاجو کہ عرصہ 2سال سے التواء کا شکار تھا۔میں شکر گزار ہوں وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار کا جنہوں نے میری شکایت کا نوٹس لیا اور صرف 2ماہ میں مجھے انصاف دلوایا۔ اس موقع پر ریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار نے کہا کہ وفاقی محتسب اعجاز قریشی کی ہدایات کے مطابق عوام کو بہترین انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے وفاقی اداروں کے خلاف کی جانے والی ہرشکایت کا فیصلہ 60دن کے اندر مختصر ترین عرصے میں میرٹ پر کیا جاتا ہے اور اس پراسس کی کوئی فیس نہیں ہوتی انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام بلا معاوضہ اور بغیر وکیل وفاقی اداروں جیسا کہ پی ٹی اے، نادرا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاسپورٹ آفس، جی پی او، نیشنل سیونگ سینٹرز، پاکستان بیت المال، پوسٹل لائف انشورنس، سٹیٹ لائف انشورنس،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، این ٹی ایس(NTS)، واپڈا جیسے اداروں کے خلاف شکایات آن لائن بھی درج کروا سکتے ہیں جبکہ دفتر میں آکر تحریری طور پر درخواست کی صورت میں بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل