ڈیلی پرل ویو.موسٹ سینئر وزیر آزاد کشمیر میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ حکومت کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (Kort) کی ہر ممکن مدد کرے گی اور خدمتِ خلق کے منصوبوں میں بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ کورٹ کی کارکردگی دیکھ کر دلی اطمینان ہوا ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو خلوصِ نیت سے اللہ کی مخلوق کی خدمت کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 2005 کے زلزلے کے بعد کورٹ کا قائم ہونا اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی ہے۔ چوہدری اختر اور ان کی ٹیم کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورٹ کے زیرِ اہتمام اب تک 195 گھروں کی تعمیر مکمل کر کے چابیاں مستحق بیواؤں اور حق داروں کے حوالے کی جا چکی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے Kort Housing Project for Widows in AJK – Phase 2کے تحت نو تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں مستحق بیواؤں اور حق داروں میں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے اعلیٰ عمل ہے، اور حکومت اس مقصد کے لیے کورٹ کی بھرپور معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ محدود وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کیا جائے۔ جس طرح پیپلز پارٹی نے ماضی میں تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی، اسی طرح اب روڈز، ہیلتھ اور دیگر شعبوں میں عوام کو نمایاں بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا فلسفہ روٹی، کپڑا اور مکان مہیا کرنا ہے، جو ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔وزیر کشمیر کاز، آرٹس و لٹریچر محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ وہ خود کو بھی کورٹ کا حصہ تصور کرتی ہیں،چوہدری اختر نے عزم اور خلوص کے ساتھ بیواؤں اور یتیم بچوں کی کفالت کا مشن جاری رکھا، چوہدری اختر نے ایدھی ویلفیئر ٹرسٹ کی طرح بہترین خدمات انجام دیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ، چوہدری محمد اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورٹ حکومت کا دست و بازو ہے۔ کورٹ کے زیرِ اہتمام 100 گھر مکمل کر کے میرٹ پر مستحقین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورٹ کی ٹیم نے دور افتادہ علاقوں میں جا کر بھی اپنی خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ کوٹلی ڈی ایچ کیو میں کورٹ کی جانب سے قائم کیا جانے والا برن سینٹر چند ماہ میں کام شروع کر دے گا، جبکہ میرپور میں تعمیر ہونے والا ہسپتال 3 سال میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، جہاں مستحقین کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم ایچ مظفر آباد میں بھی ایک نیا برن سینٹر قائم کیا جائے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل