مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) چیئرپرسن وویمن کمیشن آزاد جموں و کشمیر محترمہ ریحانہ خان نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے شہریوں کی تعلیم و تربیت اور قانون کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے، کیونکہ خواتین کے سماجی و معاشی تحفظ کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت ہماری معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار کا بنیادی حصہ ہے۔ دینِ اسلام نے عورت کو مکمل عزت و احترام اور حقوق عطا کیے ہیں، اور نبی کریم ﷺ کی سنت بھی خواتین کے ساتھ حسنِ سلوک اور احترام کی تلقین کرتی ہے۔ریحانہ خان نے کہا کہ قرآن و سنت میں عورت پر ہاتھ اٹھانے سے نہ صرف منع کیا گیا ہے بلکہ نرمی، شفقت اور مہربانی کا واضح حکم دیا گیا ہے۔ خواتین پر تشدد کرنے والے افراد بزدل اور مجرم ہیں جن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ وویمن کمیشن خواتین کو معاشی، تعلیمی اور سماجی تحفظ فراہم کرنے کیلئے متحرک کردار ادا کر رہا ہے جبکہ تشدد کا شکار خواتین کمیشن کے ڈیسک سے رابطہ رکھیں تاکہ انہیں فوری قانونی و سماجی مدد فراہم کی جا سکے۔چیئرپرسن وویمن کمیشن نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ معاشرے سے تشدد کے خاتمے کیلئے شعور اجاگر کیا جائے اور قوانین پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد سے پاک، محفوظ اور مساوی معاشرہ ہی ترقی کی ضمانت ہے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل