اسلام آباد(ڈیلی پرل ویو) پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر و سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ خطے میں حالیہ کشیدگی اور بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کا کردار انتہائی تشویشناک ہے بھارت نے نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ عملی طور پر بھی اپنی تمام حدیں پار کر دی ہیں اور اس کے اقدامات جنوبی ایشیا کے امن کے لیے سخت خطرہ بنتے جا رہے ہیں بھارت کی موجودہ سیاسی سوچ اور ہندوتوا نظریات خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں بھارت کی موجودہ قیادت کی پالیسیاں خطے کے امن کے لیے تشویش کا باعث بنتی جا رہی ہیں۔۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی کو ہوا دینے اور امن کو سبوتاژ کرنے میں بھارت اور اُس کے حمایت یافتہ عناصر ملوث ہیں پاکستان آرمی کو ٹارگٹ بنا کر جوانوں کو شہید کرنے کے واقعات پاکستان مخالف قوتوں کی منصوبہ بندی اور مداخلت کا نتیجہ ہیں پاکستان دشمن عناصر اور کرائے کے ایجنٹ بھارت کے اشاروں پر ملک میں بدامنی پھیلا رہے ہیں پاکستان آرمی کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر سرحدوں پر وطن کی حفاظت کر رہے ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو وہیں ناکام بنا رہے ہیں پاک فوج کی قربانیاں پوری قوم پر قرض ہیں اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہو۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دشمن بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور شکست کے بعد پاکستان کے اندر خوارجی عناصر اور دہشت گرد گروہوں کو فعال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے قوم اور پاک فوج کے درمیان مضبوط یکجہتی ہی پاکستان کے دفاع کی اصل قوت ہے اور دشمن کبھی اس اتحاد کو کمزور نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے خوارجی عناصر اور پاکستان دشمن گروہوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ایسے عناصر نہ صرف داخلی امن کے دشمن ہیں بلکہ بیرونی قوتوں کے آلہ کار بھی بن رہے ہیں۔ طاہر کھوکھر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کی صورتِ حال کا سنجیدگی سے جائزہ لے اوربھارت کے اصل چہرے کو پہچانے بھارت کی حکومت ایک جانب جنگی بیانات دے رہی ہے اور دوسری جانب پاکستان کی سرحدوں کے اندر دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہے جو خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑا چیلنج ہے۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ اس نازک صورتحال میں پاکستانی قوم سیاسی قیادت اور مسلم دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ملک کی سلامتی کو اولین ترجیح بنانا چاہیے جو پاکستان کا دشمن ہے وہ پوری قوم کا دشمن ہے اور ایسے عناصر کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم وطن کے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہیں پاکستان کی جانب کسی بھی جارحانہ رویے کے نتائج بھارت کو خود بھگتنا ہوں گے اور دنیا اس کے اثرات اپنی آنکھوں سے دیکھے گی پاکستان کی عوام اور فوج ملک کے دفاع کے لیے متحد ہیں اور دشمنانہ عزائم رکھنے والی قوتوں کو اس اتحاد کے سامنے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل