ڈیلی پرل ویو (بیورورپورٹ) چوہدری غلام عباس قائداعظم کے حقیقی نظریاتی جانشین، ساری زندگی نظریہ الحاق پاکستان سے عبارت تھی، چوہدری غلام عباس زاہد،متقی اورپرہیزگارسیاستدان تھے،مسلم کانفرنس کے قیام سے بہت پہلے سے تحریک آزادی کشمیر اور تحریک پاکستان کے مقاصدسے ہم آہنگ تھے۔ ینگ مینز مسلم ایسوسی ایشن،مسلم کانفرنس اورمسلم لیگ کے مقاصدمیں روزاول سے ایک اشتراک موجود تھا۔ اقتدارسے کوسوں دوررہ کر بھی چوہدری غلام عباس نے بڑے سے بڑے حکمران سے زیادہ عزت پائی ہے۔ مسلم کانفرنس اور چوہدری غلام عباس روز اول سے تقسیم کشمیر کے راستے کی بڑی رکاوٹ بن کرکھڑے رہے۔ اپنوں اوربیگانوں کی سخت بے اعتنائی کے باوجود چوہدری غلام عباس نے اپنا نظریاتی سفرجاری رکھا۔ ان خیالات کا اظہار صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمدخان کا رئیس الاحرارقائدملت چوہدری غلام عباس کی 58ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے اپنے زندگی میں نواب بہادریارجنگ اورچوہدری غلام عباس کو اپنا سیاسی جانشین نامزدکیا۔ ایک موقع پر قائد اعظم نے کہا کہ وہ قوم خوش قسمت ہے جسکی قیادت چوہدری غلام عباس کے پاس ہے،مسلم کانفرنس پاکستان کے ساتھ غیر مشروط وابستگی پر یقین رکھتی ہے۔مسلم کانفرنس اور تحریک آزادی کشمیر روزاول سے لازم وملزوم ہیں۔ سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیر میں پہرے دارکی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان اورمسلح افواج پاکستان کی سہولت کاری ہمیں جان سے پیاری ہے، مسلم کانفرنس پاکستان اورمسلح افواج پاکستان کی سہولت کاری کو اپنے لیے اعزازسمجھتی ہے، انہوں نے کہا کہ قراردادالحاق پاکستان تحریک آزادی کی روح اورکشمیر بنے گا پاکستان اسکی جان ہے، دنیا کا کوئی مورخ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو نظراندازنہیں کرسکتا،کشمیر میں ہندوستانی جبروستم اپنے منطقی انجام کو پہنچنے کو ہے، جموں وکشمیر کے عوام کے حوصلے ہمیشہ کی طرح بلند ہیں، سردار عتیق احمدخان کا کہنا تھا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے عوام کی آخری اور محفوظ ترین پناہ گا ہے۔ تکمیل پاکستان تک کوئی انسانی طاقت ہمارا سفرروک نہیں سکتی، مسلح افواج پاکستان کی مخالفت اورخودمملکت خدادادپاکستان کی مخالفت میں ذرابھر بھی فرق نہیں،انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری اندرونی تقسیم اورانتشارسے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے،بزدل دشمن نے فوجی پنجہ آزمائی میں ناکامی کے بعدگھرمیں عدم استحکام پیداکرنے کا راستہ اختیارکیاہے۔ مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مسلح افواج پاکستا ن کے سپہ سالار کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے،موجودہ حالات میں ساری قوم کو غیر مشروط طورپر پاکستانی افواج کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل