0

مظفرآباد بدوں رجسٹریشن فوڈ سپلائی پر فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ملٹی نیشنل کمپنی کا سٹاک ضبط

مظفرآباد(ڈیلی پرل ویو) آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے بدوں رجسٹریشن اور بدوں لیبارٹری رپورٹس فوڈ سپلائی کرنے پر ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کا سٹاک ضبط کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ہمراہ ٹیم سید محب علی نقوی برارکوٹ انٹری پوائنٹ پر ناکہ لگا کر شہر میں داخل ہونے والی فوڈ سپلائی گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ کیا، اس دوران ایک ملٹی نیشنل کمپنی کی گاڑی کو روکا گیا جو بغیر لائسنس، بغیر اجازت نامہ اور بغیر لیبارٹری رپورٹس اندرونِ شہر فوڈ سپلائی کر رہی تھی، ٹیم نے ڈرائیور سے فوڈ اتھارٹی کا لائسنس اور اجازت نامہ طلب کیا جو پیش نہ کیا جا سکا جس پر قواعد و ضوابط کے تحت متعلقہ سٹاک ضبط کر لیا گیا۔ دوسری کارروائی میں پلیٹ میں قائم ایک وئیر ہاؤس کا معائنہ کیا گیا جہاں غیر رجسٹرڈ اشیائے خوردونوش پائی گئیں جن کے قواعد کے مطابق نمونہ جات حاصل کر کے مزید جانچ کے لیے بھجوا دیے گئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 کے تحت آزاد کشمیر میں بدوں لائسنس و اجازت نامہ فوڈ بزنس کی اجازت نہیں جبکہ بدوں لیبارٹری رپورٹس اور متعلقہ اجازت نامہ بیرون اضلاع سے آزاد کشمیر میں اشیائے خوردونوش کی ترسیل اور فروخت قانوناً جرم ہے، انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور شہری غیر معیاری یا مشتبہ خوراک سے متعلق شکایات فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر درج کروا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں