ڈیلی پرل ویو،آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چیئرمین رمرسکو و رحیم الدین نعیم ویلفیئر فاؤنڈیشن رحیم الدین نعیم، قانون ساز اسمبلی کے امیدوار حلقہ بلوچ ملک باسط شریف اعوان،سید اشفاق بخآری اور سعید عباسی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبد الوحید اور سابق مشیر سردار امجد یوسف بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران عوامی فلاح و بہبود کے بڑے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان منصوبوں میں 500 بیڈ پر مشتمل جدید ہسپتال کو عوام کے لیے وقف کرنے، ایک میڈیکل کالج کے قیام اور 200 گھروں پر مشتمل ہاؤسنگ منصوبہ شامل ہے، جن میں سے 100 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ مکمل ہونے والے گھروں کی چابیاں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر خود اپنے دستِ مبارک سے مستحق خاندانوں کے حوالے کریں گے جبکہ جدید ہسپتال اور میڈیکل کالج کا سنگِ بنیاد بھی وزیراعظم رکھیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے محفوظ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ 500 بیڈ کے جدید ہسپتال اور میڈیکل کالج کے قیام سے نہ صرف معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے کے تحت مستحق خاندانوں کو باعزت رہائش کی فراہمی حکومت کی سماجی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے فلاحی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی اشتراک سے عوامی مسائل کے پائیدار حل ممکن ہیں۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت تمام عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی اور خود ان منصوبوں کی نگرانی بھی کریں گے تاکہ عام آدمی کو ان کے ثمرات جلد از جلد میسر آ سکیں۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل