نیلم (ڈیلی پرل ویو ): ضلع نیلم کے علاقے دوسٹ میں آتشزدگی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں تین رہائشی مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ اس اچانک پیش آنے والے واقعے نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا جبکہ متاثرہ خاندانوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
آتشزدگی سے متاثر ہونے والے افراد میں شاہ ولی ولد قیاس دین، سراج دین ولد قیاس دین اور الطاف ولد سراج دین شامل ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق آگ ایک رہائشی مکان میں اچانک بھڑک اٹھی اور تیزی کے ساتھ قریبی گھروں تک پھیل گئی، جس کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے تین مکانات آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ اتنی شدید تھی کہ ابتدائی طور پر اسے قابو میں لانا انتہائی مشکل ہو گیا۔ تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ریسکیو یونٹ شاردہ (1122)، پاک فوج، مقامی پولیس، سول سوسائٹی، عوامِ علاقہ اور رضاکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ تمام اداروں اور مقامی افراد نے مشترکہ طور پر آگ بجھانے کی کوششیں شروع کیں۔