ڈیلی پرل ویو،پشاور: آئی بیکس، گرے گورال اور مارخور کے شکار کے حوالے سے وفاق اور خیبر پختونخوا میں تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے وائلڈ لائف حکام نے صوبائی حکومت کو خط لکھا ہے جس میں وفاق کی جانب سے شکار پر عائد پابندی اٹھانے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے نان ایکسپورٹیبل مارخور، آئی بیکس اور گرے گورال کے شکار پر پابندی عائد کی ہے، جو وفاق سے اجازت کے بغیر شکار پر نافذ کی گئی۔
خط میں مزید کہا گیا کہ اکتوبر 2024 میں کوہستان اور چترال میں نان ایکسپورٹیبل کوٹہ کے تحت 6 مارخور کے شکار کی اجازت دی گئی تھی، جس پر محکمہ وائلڈلائف نے وفاق کے فیصلے کے مطابق عملدرآمد کیا اور 6 مارخور کے شکار کا کوٹہ مقرر کیا۔
خط میں واضح کیا گیا کہ وفاقی ادارہ سائٹس مینجمنٹ اتھارٹی کی موجودہ پابندی گزشتہ سال کیے گئے فیصلے کے متصادم ہے۔ مارخور، آئی بیکس اور گرے گورال کے غیر برآمدی کوٹے کی منظوری دی گئی تھی اور صوبائی حکومت نے یہ لائسنس اس شرط پر دیے کہ ٹرافی بیرون ملک نہیں لے جائی جاسکے گی۔ نان ایکسپورٹیبل ٹرافی ہنٹنگ کوٹہ صوبائی دائرہ اختیار میں آتا ہے اور غیر برآمدی کوٹے سے متعلق صوبائی حکومت کی پوزیشن درست ہے۔