ڈیلی پرل ویو،پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب کے دورے کے دوران ناروا سلوک پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سخت خط لکھ دیا۔ خط میں انہوں نے دورے کے دوران اختیار کیے گئے طرزِ عمل پر شدید احتجاج اور باضابطہ اعتراض ریکارڈ کرایا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب کے دورے کے دوران پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی کی گئی اور تضحیک آمیز رویہ اپنایا گیا۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت کا یہ طرزِ عمل آئینی عہدے کے وقار اور بین الصوبائی احترام کے منافی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ دورے کے لیے غیر ضروری سکیورٹی اقدامات کیے گئے اور ایسا ماحول بنایا گیا جس سے ہراساں کرنے کا تاثر پیدا ہوا۔
سہیل آفریدی نے خط میں نشاندہی کی کہ ان کے دورے کے دوران بازار بند کیے گئے، عوامی مقامات سیل کیے گئے اور موٹروے ریسٹ ایریاز تک رسائی روکی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نقل و حرکت محدود کرنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خط کے مطابق پنجاب میں وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران خوف اور دھمکی کا تاثر دیا گیا، جو ایک آئینی عہدے کے شایانِ شان نہیں۔