ڈیلی پرل ویو،سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور سینئر سیاسی رہنما شاہ غلام قادر نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومتی کارکردگی، عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات، مہاجرین نشستوں، انتخابی تیاریوں اور خطے کے مجموعی سیاسی ماحول پر تفصیلی گفتگو کی۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر کسی بھی قسم کے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا اور موجودہ حالات میں حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی ایکشن کمیٹی سے فوری اور سنجیدہ مذاکرات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا واضح مؤقف ہے کہ حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنا چاہیے بلکہ یہ عمل بلا رکاوٹ جاری رہنا چاہیے، کیونکہ مذاکرات ہی آزاد کشمیر کے سیاسی ماحول کو بہتر بنا سکتے ہیں۔