0

سائیں سخی سہیلی سرکار کے عرس مبارک 2026 کے انتظامات و سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم اجلاس

ڈیلی پرل ویو،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی کی زیر صدارت سائیں سخی سہیلی سرکار کے عرس مبارک (13تا 21جنوری 2026) کی تقاریب کے دوران انتظامات اور سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے دفتر ناظم اعلیٰ اوقاف احاطہ دربار سائیں سہیلی سرکار میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹ کے آفیسران/ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک و قصیدہ بردہ شریف سے ہوا۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے شرکاء اجلاس کا شکریہ اداکیا اوراجلاس کی غرض و غایت بیان کی ۔ انھوں نےکہا کہ عرس مبارک کی افتتاحی تقریب 13جنوری کو صبح 09بجے احاطہ دربار میں منعقد ہو گی۔امسال بھی عرس تقریبات مورخہ 13جنوری تا21جنوری 2026(09ایام) جاری رہیں گی۔ عرس مبارک کے دوران آزاد کشمیر کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے بھی عقیدت مندان اور زائرین خصوصی طور پر قافلوں کی شکل میں آئیں گے۔ رش زیادہ ہونے کے باعث سیکورٹی انتظامات، لنگر کی تقسیم اور ٹریفک پلان کیلئے محکمہ اوقاف کے ملازمین و رضا کاران کے ساتھ ساتھ پولیس اور مجسٹریٹ صاحبان کی انتظامی مامورگیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے اجلاس میں واضح کیا کہ عرس تقریبات کے دوران جملہ انتظامات کو بطریق احسن سرانجام دینے کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔اس دفعہ عرس مبارک کے ساتھ ساتھ زائرین اور شہریوں کو فیسٹیول کاماحول فراہم کیاجائے گا تا کہ سوسائٹی روائتی ماحول سے بھرپور طور پر لطف اندوز ہو سکیں۔ہر محکمہ کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی تاکہ عرس تقریبات بخیر و عافیت انجام پا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں