(ڈیلی پرل ویو) فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج پاکستان ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پوری طرح ثابت قدم ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی مجموعی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میں فارمیشن کی جنگی تیاری، تربیتی معیار اور جنگی مہارت و استعداد کار میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ بھی کیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ فیلڈ ٹریننگ مشق کے دوران جدید ترین جنگی ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مشق کے ذریعے مستقبل کے متحرک جنگی ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے لیے پاک فوج میں جاری جدت طرازی کو اجاگر کیا گیا۔