5

Orphans in Need آزاد کشمیر میں یتیم بچوں کی کفالت کا دائرہ وسیع کرے گی: عمران حسین

ڈیلی پرل ویو،پاکستانی نژاد سینئر لیبر پارلیمنٹیرین عمران حسین نے برطانیہ میں” Orphans in Need” کے فنڈ ریزنگ ہیڈ الطاف حسین اور خان مزمل خان کے ہمراہ سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ” Orphans in Need ” ایک بین الاقوامی رفاہی تنظیم ہے جس کا مقصد یتیم بچوں کو ایک محفوظ، صحت مند اور معاون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد اور خودمختار فرد بن سکیں۔ اس وقت رفاہی تنظیم کے تحت آزاد کشمیر میں 1200 یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے، آزاد کشمیر کے دورے کا مقصد یہاں پر پروگرام کو وسعت دے کر 2000 یتیم بچوں کو سپانسرشپ پروگرام میں شامل کرنا ہے جس کے بعد سپانسر شپ پروگرام کو بتدریج دیگر علاقوں میں وسعت دی جائے گی۔ سینئر لیبر پارلیمنٹیرین عمران حسین نے کہا کہ سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے میڈیا ورکرز اس سلسلے میں تعاون کرے تاکہ اس فلاحی مشن کو مزید وسعت دی جا سکے۔ سنٹرل پریس کلب مظفرآباد ضرورت مند عوام اور مخیر حضرات کو آزاد کشمیر کے خطے میں اس پروگرام کی ضرورت اور افادیت کے بارے آگاہی فراہم کرنے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ “Orphans in need” دنیا کے مختلف ممالک میں یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس وقت 14 ممالک میں 40 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت اور دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ ان بچوں کو رہائش، صحت، خوراک اور تعلیم سمیت بنیادی انسانی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے کشمیری اوورسیز کمیونٹی کا کلیدی کردار ہے جو ہمیشہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی اور یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر یو کے فنڈ ریزنگ کے ہیڈ الطاف حسین، خان مزمل خان اور پاکستان کے کنٹری ہیڈ محمد فیصل اسحاق نے پاکستان کے کاموں کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں