ڈیلی پرل ویو،وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت ایکشن لینے بارے اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ماہِ صیام کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور پرائس کنٹرول میکنزم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) محمد ظفر خان، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان،تینوں ڈویژنز کے کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈلنک شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر زنے وزیراعظم آزاد کشمیر کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش، پھلوں، سبزیوں اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں کی نگرانی جاری ہے۔ بریفنگ میں فیلڈ انسپکشنز، سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیوں اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ محض احکامات نہیں بلکہ عملی کارکردگی نظر آنی چاہیے۔ انتظامیہ حکومتی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے اور ایسے اقدامات کرے جن سے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماہِ صیام کے دوران سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران پرائس کنٹرول نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی تاکہ عوام کو فوری اور بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
1
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل