ڈیلی پرل ویو، وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار آفتاب حسین نے کارڈیک سرجری ہسپتال مظفرآباد کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، سٹاف کی حاضری اور مریضوں کو دستیاب علاج معالجے کے معیار کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا،مریضوں کی عیادت کی اور ان سے براہِ راست دریافت کیا کہ ادویات، علاج اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں انہیں کسی قسم کی دشواری تو درپیش نہیں۔ دورے کے موقع پر انجیوگرافی سیکشن سمیت ایکسرے لیبارٹری، ای سی جی، ای ٹی ٹی،ایکوکارڈیوگرافی، آئی سی یو اور سی سی یو سمیت تمام شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ لی گئی۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کارڈیک سرجری ہسپتال مظفرآباد، ڈاکٹر حفظہ اشتیاق نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب مشینری، جاری طبی خدمات اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر کارڈیالوجسٹ اور انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ بھی موجود تھے۔دورے کے دوران جہاں کہیں طبی سہولیات میں کمی محسوس کی گئی، وہاں ڈاکٹرز اور انتظامیہ کو فوری ہدایات جاری کی گئیں کہ ضروری آلات، ادویات اور مشینری کی تفصیلی ڈیمانڈ تیار کر کے ارسال کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ نے واضح کیا کہ موصول ہونے والی تجاویز کی بنیاد پر سمری اور پروپوزل حکومت آزاد کشمیر، سیکرٹری صحت، وزیر صحت اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کو منظوری کے لیے ارسال کیے جائیں گے تاکہ ہسپتال کو جدید اور اعلیٰ معیار کی مشینری اور دیگر درکار اشیاء فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے اور عوام کا کارڈیک سرجری ہسپتال مظفرآباد پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ نے ہسپتال سٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری ذمہ داری، دیانتداری اور باریک بینی سے انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ غفلت یا لاپرواہی انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے مریضوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر عوام کو معیاری، بروقت اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں آئندہ بھی پوری تندہی اور جذبۂ خدمت کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔*
1
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل