ڈیلی پرل ویو،آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ اتھارٹی (AJKTEVTA) کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مظفرآباد میں منعقدہ چار روزہ CBT&A (Competency Based Training & Assessment) Methodology ٹریننگ باوقار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ اس تربیتی پروگرام میں مظفرآباد ڈویژن کے انسٹرکٹرز ( مردانہ و زنانہ) نے شرکت کی۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین/ایکس آفیشو سیکرٹری AJKTEVTA مرزا عامر محمود تھے جبکہ سیکرٹری/چیف آپریٹنگ آفیسر AJKTEVTA ڈاکٹر مسعود احمد بخاری، ڈائریکٹر اوپریشن انعم آصف عباسی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اوپریشن محمد ساجد عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معزز مہمانوں کی آمد پر پرنسپل/ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اطہر احمد ڈار نے ادارے کے دیگر اسٹاف کے ہمراہ استقبال کیا۔یہ تربیتی پروگرام 14 فروری 2026 سے شروع ہوا جس کا مقصد اساتذہ اور انسٹرکٹرز کی تدریسی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور کمپیٹنسی بیسڈ نظامِ تعلیم کو مؤثر انداز میں نافذ کرنا تھا۔ ٹریننگ کی نگرانی اور رہنمائی چیف ماسٹر ٹرینر نوید داؤد نے کی جنہوں نے شرکاء کو کمپیٹنسی بیسڈ ٹریننگ کے عملی نفاذ، اسیسمنٹ پلانز کی تیاری، قابلِ پیمائش لرننگ آؤٹ کمز کی تشکیل اور معیاری اسیسمنٹ میکانزم کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ چار روزہ سیشنز کے دوران عملی سرگرمیوں، گروپ ورک اور پریزنٹیشنز کے ذریعے شرکاء کو جدید تدریسی طریقہ کار سے روشناس کروایا گیا۔ تربیتی پروگرام کو شرکاء نے نہایت مفید، معلوماتی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مؤثر قرار دیا۔مہمانِ خصوصی چیئرمین AJKTEVTA مرزا عامر محمود نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنی و تکنیکی تعلیم ریاست کی معاشی ترقی میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ CBT&A نظام کو لانگ ٹرم سٹریٹجی کا حصہ بنایا جائے گا اور اداروں میں کوالٹی اشورنس کے نظام کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تدریسی صلاحیتوں اور استعدادِ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری تربیت فراہم کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمپیٹنسی بیسڈ ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق نظام ہے جو طلبہ کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ سیکرٹری/چیف آپریٹنگ آفیسر AJKTEVTA ڈاکٹر مسعود احمد بخاری اور ڈائریکٹر اوپریشن انعم آصف عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اس تربیتی پروگرام کو ادارے کی پیشہ ورانہ ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین AJKTEVTA نے اتھارٹی کے جملہ حکام، پرنسپل ادارہ اطہر احمد ڈار اور چیف ماسٹر ٹرینر نوید داوود کو ٹریننگ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ تربیتی اقدام آزاد کشمیر میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے معیار کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
1
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل