ڈیلی پرل ویو،مظفرآباد: ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے شہر بھر میں بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد حماد بشیر نے سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں اور عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے متعدد گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔
ان کارروائیوں کے دوران خاکی ماموں مٹن شاپ سمیت کئی دکانوں کو سرکاری ریٹ سے زائد قیمت وصول کرنے پر سیل کر دیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود رہ کر گاہکوں سے لی گئی زائد رقم بھی عوام کو واپس کروائی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی شکایات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اس بار صرف کاغذی کارروائی یا زبانی احکامات کافی نہیں ہوں گے بلکہ فیلڈ میں عملی نتائج نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے تاکہ عام آدمی کو رمضان المبارک میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کو مارکیٹوں کی باقاعدہ نگرانی کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پرائس کنٹرول نظام کو مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے حقیقی ریلیف مل سکے۔