نیلم (ڈیلی پرل ویو) ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے وریسکیو1122 کی ہدایت پر حالیہ ملکی سرحدی کشیدہ صورتِ حال کے پیشِ نظر ضلع نیلم میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع عملی مشق کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق کا مقصد کسی بھی ناگہانی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے مابین باہمی تعاون، بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو مزید بہتر بنانا تھا۔عملی مشق میں ایمرجنسی سروس ریسکیو یونٹ شاردا، پاک آرمی، پولیس کے اہلکاران اور مقامی ریسکیو رضاکاروں نے شرکت کی۔ اس دوران فوری کارروائی، تلاش و بچاؤ اور ابتدائی طبی امداد کی عملی تربیت دی گئی جبکہ فرضی ہنگامی صورتحال میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی مشق بھی کی گئی۔مشقوں کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ کسی بھی ہنگامی یا ناگہانی صورتِ حال میں فوری اور مربوط ردِعمل کے ذریعے جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ اس نوعیت کی عملی سرگرمیاں ادارہ جاتی تیاری کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈی ڈی ایم اے نیلم چوہدری اقبال حسن نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام ریسکیو خدمات فراہم کرنے والے ادارے ہر وقت فعال رہیں اور باہمی رابطہ کاری کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
2
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل