ڈیلی پرل ویو،وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ سیاحت کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انشاء اللہ ، آئندہ اپریل اور مئی میں ٹورازم کانفرنس منعقد کروانے جا رہے ہیں، اس ٹورازم کانفرنس میں سیاحت سے منسلک نجی کاروباری اداروں، سیاحت میں دلچسپی رکھنے والے افراد، عوام اور ماہرینِ سیاحت کو مدعو کیا جائے گا، سیاحت سے متعلق مسائل کا دیرپا حل تلاش کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔حکومت سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مقامی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔سیاحت کا فروغ معاشی مضبوطی کی ضمانت ہے معیشت مضبوط ہوگی تو روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، حکومت کو ہوٹل مالکان کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے ، مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز مینجمنٹ ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا ، اس موقع پر ملاقات کے لیے آئے وفد میں وفد میں چیئرمین ہوٹل/گیسٹ ہاؤسز راجہ محمد الیاس خان، تنویر احمد قریشی، ممبر و صدر چیمبر آف کامرس احتشام وگرہ، محمد صدیق راٹھور، ثاقب مرتضیٰ، راجہ افتخار، ابرار احمد بٹ، راجہ امجد، چوہدری صغیر، افتخار احمد، اظہر مغل، علی عمر، ارسلان ضیاء، نعمان میر، راجہ عمار، مقبول کیانی، وحید اعوان، عدنان اعوان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات میں پی آر او شوکت خاکسار راٹھور بھی موجود تھے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزادکشمیر کے معاشی نظام کو بہتر بنانا ہے ، ہم نے عوام اور بلخصوص نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے ،حکومت نجی ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، سرمایہ کاری کو ہمیشہ خوش آمدید کہا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم، زراعت، آئی ٹی، صنعت و تجارت اور سیاحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ان شعبوں میں بہتری کے ذریعے ہی معاشی مسائل سے نکلنا اور بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی اور انشاءاللہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ،وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات، ہوٹل مینجمنٹ کو درپیش رکاوٹوں، معیار کی بہتری اور سازگار ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹورازم کے فروغ کے لیے حکومت اور ایسوسی ایشن کی مشترکہ کاوشوں سے متعلق تفصیلی لائحۂ عمل پیش کیا۔وفد کی جانب سے آئندہ اپریل اور مئی میں حکومت کی طرف سے ٹورازم کانفرنس کے انعقاد اور مسائل کے دیرپا حل کے لیے روڈ میپ کی تیاری کو خوش آئند قرار دیا گیا۔وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی بھرپور عوامی خدمت، عوامی مسائل کے خاتمے کے لیے مسلسل کاوشوں اور نظام پر عوام کے اعتماد کی بحالی جیسے اقدامات کو سراہا۔
1
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل