مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز) وزیر اطلاعات و مذہبی امور آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں مسلمانوں کو جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روکنا نہایت افسوسناک، غیر جمہوری اور انتہاپسندانہ اقدام ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جامع مسجد سرینگر نہ صرف ایک اہم مذہبی مقام ہے بلکہ کشمیری مسلمانوں کی دینی اور تہذیبی شناخت کی علامت بھی ہے، جہاں عبادت پر پابندی عائد کرنا کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے ۔
چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں طاقت کے زور پر کشمیری عوام کی مذہبی، سماجی اور سیاسی آزادیوں کو مسلسل سلب کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مساجد کو تالے لگانا، مذہبی اجتماعات پر پابندیاں عائد کرنا اور لوگوں کو عبادات سے روکنا بھارتی انتہا پسند حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتا ہے ۔