ڈیلی پرل ویو،خورشید آباد : تحصیل خورشید آباد کی یونین کونسل ہلاں کے گاؤں ہلاں بالا میں گزشتہ رات ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نامعلوم شر پسند عناصر نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک رہائشی مکان کو آگ لگا دی۔ اس بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں ایک غریب خاندان کا آشیانہ مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا ہے۔
متاثرہ شخص کی شناخت سردار عابد کھوکھر ولد سردار محمد نظیر (عرف باجی) کے نام سے ہوئی ہے۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں لاکھوں روپے مالیت کا مکان، تمام گھریلو سامان، قیمتی زیورات اور مویشیوں کے لیے ذخیرہ کیا گیا ہزاروں روپے مالیت کا گھاس بھی جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ متاثرہ خاندان اب کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔