5

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ترقیاتی جائزہ اجلاس

ڈیلی پرل ویو،وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ترقیاتی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے متعلقہ محکمہ جات کے سربراہان سے سیکٹر وائز ترقیاتی منصوبہ جات کے خلاف سو فی صد بجٹ یوٹیلائزیشن، جاری منصوبہ جات کی پراگریس اور ان منصوبوں کے خلاف بقایہ جات پر تفصیلی بریفنگ لی۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر، وزراء حکومت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹریز حکومت سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے آزاد کشمیر کے منظور شدہ ترقیاتی منصوبہ جات کے خلاف ADPمیں مختص بجٹ یوٹیلائزیشن، پی ایس ڈی پی کے جاری منصوبہ جات، اور باقی مانندہ بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے خلاف مختص بجٹ کا سوفیصد تصرف یقینی بنایاجائے، ترقیاتی عمل کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں بروقت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے انکی لاگت میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کا بوجھ سرکاری خزانے پر پڑتا ہے،اس لیے ہر صورت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر ہی مکمل کیاجائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر جاگراں ہائیڈروپاور پراجیکٹ فیز 2منصوبے، آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کی زیر تعمیر عمارت، رٹھوعہ ہریام پل، ایل او سی پر بنکرز کی تعمیر، سمیت نوسیری لیسوا بائی پاس کی پراگریس بارے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی منصوبوں کے خلاف مکمل کئے گئے کام کے خلاف فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ 22اپریل تک تمام محکمہ جات ترقیاتی فنڈز کی 100 فیصد یوٹیلائزیشن یقینی بنائیں، وقت کم ہے، کم وقت میں زیادہ کام کرنا ہے، چیزوں کو فاسٹ ٹریک پر لے جائیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہماری حکومت میں کسی بھی منصوبے میں تاخیر نہیں آئے گی، تمام محکمہ جات بروقت اپنے پروجیکٹس تیار کر کے متعلقہ فورمز تک پہنچائیں۔ سیکرٹری صاحبان وزراء کی نگرانی میں بلاک ایلوکیشن کے خلاف اسکیمز تیار کرکے 15 دسمبر سے پہلے جمع کروائیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ممبران اسمبلی لوکل گورنمنٹ سے متعلقہ اسکیموں کی نشاندہی کرکے 30 دسمبر تک منظوری کے لیے ارسال کریں، ممبران اسمبلی کی جانب سے اسکیموں کی نشاندہی میں تاخیر کی وجہ سے خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔ کمیونیکیشن اینڈ ورکس سے متعلقہ منصوبہ جات کی جلد تکمیل کے لیے عارضی بنیادوں پر ٹیکنیکل اسٹاف کی بھرتیاں کی جائیں تاکہ منصوبہ جات پر کام کی رفتار تیز ہوسکے۔ترقیاتی منصوبہ جات میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے کہا کہ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اور کابینہ ترقیاتی پارٹی کے اختیار میں اضافے کے لیے وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین ایکنیک سے بات کروں گا تاکہ ان کے اختیارات کو بڑھایا جاسکے اور منصوبہ جات کی منظوری میں تاخیر نہ ہو۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) عاطف الرحمٰن نے بریفنگ میں بتایا کہ آزاد کشمیر کا کل ترقیاتی بجٹ 49 بلین ہے، جس میں سے 32 بلین پی ایس ڈی پی کی بلاک ایلوکیشن ہے جبکہ 17 حکومت آزاد کشمیر کے اپنے ریسورسز میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 8 بلین کی اسکیمز پی ایس ڈی پی میں ہیں جبکہ 5 بلین وزیراعظم پاکستان کے پیکج میں شامل ہیں۔ اس وقت ہمارے کل 472 جاریہ منصوبے جبکہ 117 نئے منصوبہ جات سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں۔ اب تک دو سہ ماہیوں کے لیے 9.6 بلین روپے کے فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں جو کل ترقیاتی بجٹ کا 40 فیصد ہیں۔ ریلیز شدہ فنڈز کے خلاف 7.3 بلین روپے کی یوٹیلائزیشن ہو چکی ہے جو کہ ریلیز شدہ فنڈز کا 70 فیصد بنتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے 5 سالوں میں آزاد کشمیر نے 100 فیصد یوٹیلائزیشن یقینی بنائی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں