3

عوام کا استحصال یا انتظامیہ کی غفلت؟

ڈیلی پرل ویو.آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مصنوعی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ شہر میں اس وقت خود ساختہ مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے، جہاں گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت چھلانگ لگا کر 6 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اس ہوشربا اضافے نے شہریوں کو شدید ذہنی اور مالی مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔
مظفرآباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ اپنی جگہ، لیکن یہاں بعض منافع خور تاجروں نے اپنے خود ساختہ نرخ مقرر کر کے عوام کو لوٹنا شروع کر رکھا ہے۔ شہریوں کے مطابق اس ناجائز منافع خوری کی وجہ سے ایک عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں تو انتظامیہ سڑکوں پر متحرک نظر آتی تھی اور ریٹ لسٹوں کی چیکنگ کی جاتی تھی، لیکن اب صورتحال بالکل مختلف ہے۔ انتظامیہ اس وقت مکمل طور پر غیر فعال دکھائی دے رہی ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تاجر من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایسے تاجروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے جو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، تاکہ شہریوں کو اس مصنوعی مہنگائی سے نجات مل سکے اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں