ڈیلی پرل ویو،آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے فنی و تکنیکی تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں ڈویژنل سطح پر کالجز آف ٹیکنالوجیز (GCTs) کے قیام کی ترقیاتی سکیم شامل کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے وژن “ہنرمند کشمیر” کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک تاریخی سنگ میل ہے۔
اس جامع منصوبے کے تحت آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز مظفرآباد، میرپور اور پونچھ میں جدید سہولیات سے آراستہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کالجز آف ٹیکنالوجیز قائم کیے جائیں گے۔ یہاں نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فنی تکنیکی تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو عملی مہارتوں سے لیس کیا جا سکے۔ یہ منصوبہ نہ صرف ہنر مندی کے شعبے میں بہتری لانے کا باعث بنے گا بلکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں قومی اور بین الاقوامی روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کرے گا۔ اس اقدام سے آزاد کشمیر میں بے روزگاری کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری سے ریاستی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اس اقدام کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ریاست میں بے روزگاری کے خاتمے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو ریاست کا قیمتی سرمایہ سمجھتی ہے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ موجودہ حکومت فنی و پیشہ وارانہ تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر خوراک و ٹیوٹا جاوید اقبال بڈھانوی کی خصوصی دلچسپی اور سرپرستی میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) کے شعبے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ فنی تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے بلکہ نوجوانوں کو عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بھی بنایا جا رہا ہے۔
اس اہم ترقیاتی منصوبے کی منظوری میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ عاطف الرحمان، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (وقت) چوہدری محمد رقیب اور عامر لطیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی مؤثر حکمت عملی، مربوط منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی تعاون کے باعث اس سکیم کو عملی شکل دی جائے گی۔ چیئرمین و ایکس آفیشو سیکرٹری ٹیوٹا مرزا عامر محمود کی قیادت میں ادارہ فنی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنے اور انہیں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ دنیا بھر میں بطور ہنر مند اپنی پہچان قائم کر سکیں اور نوجوان ہنر مند کی تعلیم سے روشناس ہوں۔
اس منصوبے کی تیاری، تکنیکی معاونت اور پیش رفت میں شعبہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ انچارج پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اے جے کے ٹیوٹا نے بھی اہم کردار ادا کیا جن کی کاوشوں سے اس منصوبے کو جامع اور قابل عمل شکل دی گئی۔ یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے جہاں جدید فنی و تکنیکی تعلیم کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے کھلیں گے بلکہ ریاست کی معیشت کو بھی نئی جہت ملے گی۔ یہ آزاد کشمیر میں فنی و تکنیکی تعلیم کے شعبے میں ایک نمایاں سنگ میل ہے جو نوجوانوں کو باوقار مستقبل، بہتر روزگار کے مواقع اور عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ “ہنرمند کشمیر” کا خواب بھی حقیقت کے قریب تر ہو جائے گا۔