منصورہ یونیورسٹی کے انٹرنل میڈیسن اسپیشلائزڈ اسپتال میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ایک حیرت انگیز سرجری کے دوران ایک مریض کے پیٹ سے موبائل فون نکال لیا، جو گزشتہ 6 سال سے اس کے معدے میں موجود تھا۔
مریض طویل عرصے سے پیٹ درد کی شکایت کے ساتھ مختلف اسپتالوں کے چکر لگا رہا تھا۔ آخر کار ڈاکٹروں نے ضروری ٹیسٹ کیے، جن سے معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں کوئی دھاتی چیز پھنسی ہوئی ہے۔ صورتحال واضح ہونے پر فوری سرجری کا فیصلہ کیا گیا، جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔
سرجری میں شامل معدے اور اینڈوسکوپی کی ماہر ڈاکٹر اسما جمیل کے مطابق، مریض نے کئی بار موبائل فون نکالنے کی کوشش کی، لیکن ناکام رہا۔ جب فون نکالا گیا تو پتا چلا کہ یہ پورے 6 سال سے اس کے جسم کے اندر موجود تھا، جس کی وجہ سے معدے میں شدید سوزش ہو چکی تھی اور مریض کا وزن تقریباً 30 کلوگرام کم ہو گیا تھا۔