0

احمد عمران ملک کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی آزاد کشمیر کے طالبعلم نے IOI 2025 میں برونز میڈل حاصل کر لیا

ڈیلی پرل ویو.امریکہ میں منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے کمپیوٹر سائنس مقابلے انٹرنیشنل اولمپياد اِن انفارمیٹکس (IOI 2025) میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے طالبعلم احمد عمران ملک نے برونز میڈل حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

یہ بین الاقوامی مقابلہ دنیا بھر کے ذہین ترین طلبہ کے مابین کمپیوٹر سائنس کے میدان میں منعقد ہوتا ہے، جس میں امسال پاکستان سے منتخب چار طلبہ نے شرکت کی۔ ان میں احمد عمران ملک واحد طالبعلم تھے جن کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔

احمد کا تعلق ضلع باغ کے محلہ خواجگان سے ہے۔ ابتدائی تعلیم باغ میں حاصل کرنے کے بعد وہ لاہور کے معروف تعلیمی ادارے سندر سسٹم سکول میں زیرِ تعلیم ہیں۔ ان کی کامیابی میں نہ صرف تعلیمی ادارے کی تربیت شامل ہے بلکہ ان کے والد ملک عمران کی مسلسل رہنمائی اور حوصلہ افزائی بھی نمایاں رہی، جنہوں نے بچپن سے ہی احمد کو کمپیوٹر سائنس کی طرف راغب کیا۔

احمد عمران کو پاکستان اولمپياد اِن انفارمیٹکس (POI) کے سخت اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل سے گزر کر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پاکستان کی ٹیم نے اس سال کل چار برونز میڈلز حاصل کیے جن میں احمد بھی شامل ہیں۔

احمد کی اس شاندار کامیابی پر نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پورا پاکستان فخر محسوس کرتا ہے۔ ان کی کامیابی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں اعلیٰ صلاحیتیں موجود ہیں، لیکن جدید علوم و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مقامی سطح پر سہولیات اور اداروں کی شدید کمی ہے۔

عوامی و حکومتی مطالبہ
اس کامیابی کے بعد تعلیمی حلقوں اور سوشل میڈیا پر یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر ایسے ہونہار طلبہ کی سرپرستی کرے اور خطے میں ایک نیشنل لیول ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ کے قیام کو یقینی بنائے، تاکہ نوجوان جدید سائنسی و ٹیکنالوجیکل میدانوں میں عالمی سطح پر ملک و ملت کا نام روشن کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں