ڈیلی پرل ویو،برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدلتے عالمی نظام میں مؤثر ترین اسٹریٹجک رہنماؤں میں شامل ہو چکے ہیں۔ جریدے کے مطابق عالمی سیاست میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں نے درمیانی طاقتوں کے لیے ایک نیا مگر نہایت پیچیدہ دور متعارف کرا دیا ہے، جس میں پاکستان کی قیادت نے نمایاں سفارتی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق موجودہ عالمی منظرنامہ مڈل پاورز کے لیے خاصا مشکل ثابت ہو رہا ہے، تاہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے اس پیچیدہ ماحول میں کامیابی کے ساتھ اپنی حیثیت منوائی۔ جریدے نے انہیں درمیانی طاقتوں کے سب سے کامیاب ملٹی لٹرل اسٹریٹجک پلیئرز میں شمار کیا ہے، جو بیک وقت مختلف عالمی قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات قائم رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر رسمی اور غیر روایتی طرزِ سیاست کے ساتھ سب سے بہتر ہم آہنگ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے ساتھ بروقت خوش گفتاری، نرم سفارتی رویہ اور حقیقت پسندانہ اپروچ پاکستان کے لیے مؤثر ثابت ہوئی، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی پوزیشن کو تقویت دی۔