پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (ڈیلی پرل ویو) نے لاہور سے لندن کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد مسافروں کو براہِ راست سفری سہولت فراہم ہوگی اور برطانیہ کے لیے پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں مزید وسعت آئے گی۔
پی آئی اے کی جانب سے لاہور سے لندن پروازوں کا آغاز چھ سال کے وقفے کے بعد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی پرواز پی کے 757، 30 مارچ کو لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوگی۔ اس اقدام کو قومی ایئرلائن کی بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
لاہور سے لندن جانے والی پروازیں ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی۔ لندن پی آئی اے کے نیٹ ورک کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل ہے، اور ان پروازوں کی شروعات کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی ہفتہ وار تعداد 07 ہو جائے گی۔ یہ اضافہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پی آئی اے مرحلہ وار اپنی پروازوں کی تعداد میں بہتری لا رہی ہے۔