اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کامیاب اور موثر سفارت کاری کے ذریعے بھارت کو پھر شکست دے دی۔
پہلگام واقعے کی مذمت کرنے والی قرارداد میں سخت زبان شامل کرنے کی ہندوستان کی مذموم کوششوں کو ناکام بنا دیا جب کہ بھارت قرارداد میں لفظ پہلگام بھی شامل نہیں کرا سکا۔
.پہلگام واقعے کے کئی روز بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں سلامتی کونسل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔
سلامتی کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں رکن ممالک نے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ بھارت اور نیپال سے تعزیت کا اظہار کیا۔
بیان میں پہلگام کے بجائے لفظ جموں و کشمیر کا استعمال کرتے ہوئے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔
اراکین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے ۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مجرموں، سہولت کاروں، فنانسرز اور اسپانسرز کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال طور پر تعاون کریں۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ خطے کی صورتحال پر گہری تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔