0

کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دہشتگردی ناکام، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں کالعدم بی ایل اے کے 4 دہشتگرد ہلاک

ڈیلی پرل ویو ۔کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دہشتگردی کے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور فیصلہ کن جوابی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فنکاروں کو لے جانے والی ایک بس پر کوئٹہ کراچی روڈ کے قریب دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ یہ حملہ بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام تھا جس کا مقصد قومی ثقافتی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنا تھا۔ حملے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن کا آغاز کیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں چار دہشتگرد مارے گئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تھا۔ جائے وقوعہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، مواصلاتی آلات اور بی ایل اے کے جھنڈے برآمد کیے گئے ہیں۔

فوجی حکام کے مطابق علاقے کی مکمل صفائی اور ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر دہشتگردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، جبکہ ایوی ایشن یونٹس کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ فضا سے کسی بھی مشکوک حرکت پر فوری کارروائی کی جا سکے۔

حکام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی پاکستان کے فنکاروں، شہریوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو تحفظ دینے کے قومی عزم کی غماز ہے۔ قوم دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف متحد ہے اور کسی بھی قیمت پر ایسے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی ادارے ہر سطح پر چوکنا اور تیار ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں ناکامی کا سامنا ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں