اسلام آباد (ڈٰیلی پرل ویو)محکمہ موسمیات نے 4 اگست سے 7 اگست کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق
اتوار کی رات اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ کراچی میں بھی کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی نے درجہ حرارت میں کمی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق:
اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج سے 7 اگست کے دوران مختلف مقامات پر تیز بارشوں کا امکان ہے۔
بلوچستان میں 6 اگست کو شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں، جس کا براہ راست اثر زراعت، ٹرانسپورٹ اور شہری زندگی پر پڑ سکتا ہے۔