ڈیلی پرل ویو،اسلام آباد: دوست ملک چین نے پاکستانی طلبا کے لیے سکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد طلبا کے لیے اعلیٰ تعلیم کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مطابق، چینی اور شنگھائی حکومت کی جانب سے فودان یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلیٹ پائینئر پروگرام 2026 کے لیے پاکستانی طلبا سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق یہ پروگرام ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر دستیاب ہوگا، جس کی خاص بات یہ ہے کہ تمام مضامین مکمل طور پر انگریزی زبان میں پڑھائے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی طلبا کو جدید اور معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ماسٹرز پروگرامز میں فنانس، انٹرنیشنل بزنس، بگ ڈیٹا، سافٹ ویئر انجینئرنگ، چینی سیاست اور صحافت جیسے اہم اور جدید مضامین شامل ہیں۔ پی ایچ ڈی سطح پر فزکس، بایولوجی، ماحولیاتی سائنس، ریاضی، پبلک مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔