2

صدقہ فطر اور فدیہ کی رقم کتنی ہوگی؟ مزید جانیئے

ڈیلی پرل ویو،مفتی منیب الرحمان نے رواں سال کے لیے صدقہ فطر، فدیہ اور کفارہ صوم کی کم از کم مقدار کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے مطابق صدقہ فطر اور فدیے کی کم از کم رقم 300 روپے فی کس بنتی ہے۔ انہوں نے اہلِ ثروت افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی مالی حیثیت کو دیکھتے ہوئے فطرہ، فدیہ اور کفارہ ادا کریں کیونکہ اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ جو خوش دلی سے زیادہ دے تو یہ اس کے لیے بہتر ہے۔

مفتی منیب الرحمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چکی والے 2 کلو گندم کے آٹے کے حساب سے فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 300 روپے ہے۔ 4 کلو جَو کے حساب سے یہ مقدار 1160 روپے، 4 کلو کھجور کے حساب سے 2800 روپے جبکہ 4 کلو عمدہ کشمش کے حساب سے فطرہ اور فدیہ 7200 روپے بنتا ہے۔

روزہ توڑنے کے کفارے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس کے لیے 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا لازم ہے۔ اس کا نصاب گندم کے حساب سے 18,000 روپے، جَو کے حساب سے 69,600 روپے، کھجور سے 168,000 روپے اور کشمش کے حساب سے 4,32,000 روپے بنتا ہے۔

مفتی صاحب کا کہنا ہےکہ یہ فطرہ، فدیہ اور کفارات کی کم از کم مقدار ہے، ہم نے تمام اجناس کا حوالہ اس لیے دیا ہے کہ جنافراد کو اللہ تعالیٰ نے وافرنعمتِ دولت سے نوازا ہے ، وہ اپنی حیثیت کے مطابق فطرہ ادا کریں ، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:’’کوئی خوش دلی سے زیادہ دے ،تو یہ اُس کے لیے بہتر ہے،(البقرہ:184) ‘‘۔

مفتی منیب الرحمان نے مزید وضاحت کی کہ فدیہ صرف ان دائمی مریضوں یا انتہائی ضعیف افراد کے لیے ہے جو روزہ رکھنے کی طاقت نہیں رکھتے۔ عارضی مریض یا مسافر صحت یاب ہونے پر قضا روزہ رکھیں گے، ان کے لیے فدیہ بدل نہیں ہو سکتا۔ اس کے علاوہ جو شخص بغیر عذر روزہ توڑ دے، اس پر 60 مسلسل روزے رکھنا اور ایک روزے کی قضا لازم ہے، اور قدرت نہ ہونے کی صورت میں مالی کفارہ ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مارکیٹ میں اجناس کی قیمتیں اور کوالٹی بدلنے سے ان ریٹس میں فرق آ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں