مظفرآباد(ڈیلی پرل ویو) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن پر کام کر رہی ہے، سرکاری منصوبوں کی محض تختیاں نہیں لگانی بلکہ سرکاری فنڈز جہاں خرچ ہوں وہاں واضح امپیکٹ نظر آنا چاہیے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے جس کا براہ راست بوجھ ریاستی خزانے پر پڑتا ہے، اس لیے سرکاری وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عاطف رحمان، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے سے قبل ان کی مکمل اور جامع پلاننگ کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایسی فرمز اور کنٹریکٹرز کا انتخاب کیا جائے جن کی ساکھ اچھی ہو اور جن کے سابقہ منصوبوں کی کارکردگی اور تجربہ اطمینان بخش ہو۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر نہ صرف ترقیاتی اہداف کو متاثر کرتی ہے بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ تعمیراتی اخراجات میں اضافے کا سبب بھی بنتی ہے، جس سے سرکاری خزانے پر اضافی مالی بوجھ پڑتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور آغاز کے مراحل میں ہی تمام ضروری امور کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے منصوبوں کا مقصد صرف افتتاحی تختیوں تک محدود نہیں بلکہ ان کے ثمرات ہر صورت عملی طور پر عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ جہاں بھی سرکاری فنڈز خرچ کیے جائیں وہاں اس کا واضح امپیکٹ نظر آنا چاہیے۔ افتخار گیلانی نے کہا کہ ایسے منصوبوں پر توجہ دی جا رہی جو عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری لانے کا باعث بنیں۔
83
مظفرآباد: 17.3°C، دھوئیں کی دھند | روزنامہ پرل ویو