0

عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، سردارعتیق

مظفرآباد (پرل نیوز)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔اسرائیل نے غزہ پر بمباری جاری رکھتے ہوئے بجلی، تمام مواصلاتی رابطے کاٹ دیے ہیں۔ اس اندھیرے میں ہمیں معصوم فلسطینیوں کی حالت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے منگلا میں چوہدری جمیل تبسم کی طرف سے دیے گئے عشائیہ کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ فلسطین مسئلہ پر حکومت کا کمزور موقف عوام میں حکومت کے مسئلہ کشمیر پر بھی شکوک پیدا کررہا ہے۔فلسطینی عوام ہر ظلم کے باوجود زندہ بیدار اور آزادی کے حصول کا پرچم بلند رکھے ہوئے ہیں۔ اسرائیل ناجائز ریاست ہے، امریکہ اور برطانیہ کا ناجائز بچہ ہے۔ غزہ، مغربی کنارے اور رفح میں فلسطینیوں پر اسرائیلی صیہونی بمباری، ہسپتالوں، شہری عمارتوں، سکولوں، پناہ گزین کیمپوں کی تباہی، مسماری اور ہزاروں مرد و خواتین، بزرگ اور معصوم بچوں کی شہادتیں اقوامِ متحدہ، امریکہ، برطانیہ اور عالمِ اسلام کی قیادت پر زبردست طمانچہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان چین، روس اور اسلامی ممالک کے اقوامِ متحدہ میں اصولی موقف اور اقدام کا خیرمقدم کررہے ہیں۔ مسئلہ کا حل تو یہ ہے کہ جنرل اسمبلی کی قرارداد پر عملدرآمد کیا جائے، غاصب اسرائیل کو انسانی قتلِ عام اور نسل کشی سے روکا جائے، اسرائیل کو جنگی جرائم کے تحت سزا دی جائے، عالمی برادری تسلیم کرے کہ اسرائیل عالمی امن کے لئے ناسور ہے اس لئے اِس کا خاتمہ اب ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ پوری کشمیری قوم فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر سابق وزیر راجہ محمد یاسین خان، سیکرٹری جنرل میڈم مہرالنسائ،سردار منظور خان، سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ، ساجد قریشی ایڈووکیٹ،سردار عاصم زاہد عباسی، راجہ ذکی جبار، عبدالشکور مغل،عرفان عباسی ایڈووکیٹ، رانا غلام حسین، راجہ عبدالجبار خان،جمیل احمد مغل اور دیگر بھی موجودتھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں