0

وزارت عظمی، عوام کی امانت، افلاطونوں نے افراتفری کو پروان چڑھایا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ تمام محکمے مساوی اہمیت کے حامل اور تمام وزراء یکساں ہیں۔جو کام کرتا ہے وہ نام پیدا کرتا ہے،وزارت عظمی لوگوں کی امانت ہے اس بڑے منصب کو سادہ کلچر میں تبدیل کیا ہے تاکہ اپنے لوگوں کی خدمت کر سکوں۔نوجوانوں کو آئی ٹی پر توجہ دینی چاہیے وزیر آئی ٹی سے بھی کہا ہے کہ اس سکلفل وزارت کے ذریعے نوجوانوں کو پروفیشنل بنائیں۔زراعت و لائیو سٹاک پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،لوگوں کو اس جانب راغب کرنا ہو گا۔جموں کشمیر ہاؤس میں وفود سے گفتگو کرتے ہوے وزیراعظم نے کہا کہ بیکار افلاطونوں نے معاشرے میں بے چینی اور افراتفری کو پروان چڑھایا ہے،نہ قانون کی سمجھ،نہ آئین کا پتہ،نہ معاشرت پر کوئی سوجھ بوجھ اور ہر مسئلے پر لیکچر دینے بیٹھ جاتے ہیں کوئی وزارت چھوٹی بڑی نہیں ہوتی اس میں کام کرنے والا اصل شخصیت ہوتا ہے جو اپنے کام کے ذریعے اسے بڑا یا چھوٹا بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کے فضل سے اٹھارہ گھنٹے کام کرتا ہوں،فائل ورک توجہ اور محنت مانگتا ہے جس کا مقصد اپنے عوام کو سہولتوں کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر دل کھول کر خرچ کریں گے،5 ارب کی لاگت سے بیواؤں،یتیموں،معذوروں اور طلاق یافتہ خواتین کیلیے عظیم فلاحی منصوبہ شروع کر رہا ہوں،ایک سروے کے بعد منتخب خواتین و حضرات کو بیس ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت پر زیادہ خرچ کریں گے کیونکہ ان دو شعبوں میں بہتری لا کر ہی ریاست کو فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا مطمع نظر یہ ہے کہ ریاست میں کوئی شہری مالی مسائل کا شکار نہ ہو ریاست سب کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو اسلئے خود بھی کام پر توجہ مرکوز کئے ہوے ہوں اور اپنی ٹیم سے بھی کہا ہے کہ وہ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلیے دن رات ایک کر دیں کیونکہ اسی میں دین و دنیا کی فلاح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں