0

ڈسٹرکٹ بار میرپور کا بجلی بلات پر بے جا ٹیکسز سمیت عوامی مسائل پر احتجاجی مظاہرہ

میرپور (پرل نیوز) صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور چوہدری کامران طارق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بجلی کے بلات اور دیگر چاٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق عوامی مسائل عملی طورحل نہ کیے تو 15دن بعد آزادکشمیر بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کرنے کے لئے آزادکشمیر بھر کے وکلاء کا کنونشن منعقد کر کے آزاد خطہ بھر میں احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی، منگلا پاور اسٹیشن کا گھیرائو کے اعلان کے ساتھ ساتھ بھمبر سے مظفرآباد تک احتجاجی لانگ مارچ کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ ہوش کے ناخن لاتے ہوئے کشمیری عوام کے جائز مسائل ،کے حل کے لئے چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق ان کے فوری حل کی طرف پیش قدمی کریں۔جس کا کشمیر ی عوام خیرمقدم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور، میرپور پروٹیکیشن فورم ، انجمن تاجراں ، چیمبر آف کامرس اور سول سوسائٹی کے چوک شہیداں میں منعقدہ ایک تاریخ ساز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس احتجاجی تحریکی جلسہ سے سابق صدوربار ذوالفقار احمد راجہ ،امتیاز حسین راجہ، تبسم صادق،رزاق احمد کشمیر ی ، چوہدری ریاض عالم ، سیکرٹری جنرل بار سردار فضل رازق خان، نائب صدر چوہدری عاشق حسین ، جوائنٹ سیکرٹری فیصل عثمان ،بار کے راہنمائوں سردار جمیل صادق ، خلیق الزمان ،چوہدری اشرف ایاز،خواجہ احتشام الحق ،سیدہ سفینہ شاہ،سابق امیدوار اسمبلی حلقہ نمبر2 چوہدری ظفر انور ، چوہدری محمد عارف چکسواری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔صدر بار چوہدری کامران طارق ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں ہم نے زبان کھولی تو حکمرانوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ۔حکومت 2003 سے 2.59 پیسے میں بجلی خرید کرآزادکشمیر کے عوام کو 30 اور 40 روپے تک فی یونٹ بجلی فروخت کر رہی ہے۔اس لیے 20 سالوں کے دوران ناجائز وصول کردہ بلات میں سے عوام کو ریلف فراہم کرناحکومت کی ذمہ داری میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ میرپور کے پراپرٹی ڈیلر کے متعلقہ 500 خاندانوں کو بے روزگار کر دیا ہے۔ رٹھوعہ ہریام پل بھی 20سالوں سے التوا کا شکار ہے۔MDA اور بلدیہ سمیت دیگراداروں میں بھی کرپشن کو ختم کرتے ہوئے مہنگائی پر قابو نہیں پایا گیا ۔ضلع میرپور کو فری بجلی کی فراہمی کا وعدہ فوری پورا کیا جائے حکومت کے معاشی حالات اگر خراب ہیں تو بجلی بلات مقبوضہ کشمیر یا گلگت بلتستان کے برابرپورے آزادکشمیرجموںوکشمیر میں فراہم کی جائے۔ سلیب سسٹم ختم کیا جائے ٹیرف فکس کرکے یونٹ ریٹ مناسب اور انتہائی کم رکھا جائے۔پانی اور گیس کے بلات میں ظالمانہ اضافہ فوری ختم کیا جائے۔سیلز ٹیکس ، ظالمانہ پراپرٹی ٹیکس سمیت تمام ناجائز ٹیکسسز فوری ختم کئے جائیں۔میرپور کے سرکاری اداروں میں رشوت خوری کا خاتمہ اور نااہل آفیسران کی تعیناتی سے حکومت باز رہے۔منگلا ڈیم میں پانی زیادہ بھرنے سے زلزلے آنے کے خطرات کے پیش نظر زیادہ پانی نہ بھرا جائے۔رٹھوعہ ہریام پل کی جلداز جلد تکمیل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں