0

دنیا میں نظریہ اسلام غالب نہ ہونے کے باعث جنگ و جدل کا ماحول ہے، ڈاکٹر مشتاق

اسلام آباد(پرل نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے 20نومبر سے ممبر سازی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے،لاکھوں کشمیریوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بنا کر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے ،دنیا میں نظریہ اسلام غالب نہ ہونے کے باعث جنگ و جدل کا ماحول ہے ،سیاسی مافیا امت کی گردنوں پر مسلط ہے جس کی وجہ سے پوری امت دشمنوں کے لیے ترنوالہ بنی ہوئی ہے ،قابض اسرائیل غزہ میں 38دنوں سے مسلسل فاسفورس بموں سے آگ برسا رہا ہے امت کے حکمران خاموش تماشا دیکھ رہے ہیں ،جماعت اسلامی اسلامی نظریے کے غلبے کے لیے میدان میں اتری ہے معاشرے سے ظلم کا خاتمہ کر کے اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کریں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی ذمہ داران اور امراء اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابقہ کام کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف طے کیے گئے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ سیاسی مافیا ریاستی وسائل کو ذاتی مفادات اور اقرباپروری کی نظر کررہا ہے جس کے نتیجے میں معاشرے میں افراتفری اور انتشار کا ماحول ہے باطل نظام اور ذاتی مفادات کا محافظ اس مافیے سے نجات حاصل کیے بغیر نہ تو عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں اور نہ ہی کشمیر فلسطین سمیت امت کے مسائل حل ہوسکتے ہیں ،جماعت اسلامی سیاسی بیداری اور شعور پیدا کر کے رائے عامہ کو منظم کر کے حقیقی تبدیلی لائے گی ،آزاد خطے کے اندر باطل نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنے اور اس کی جگہ اسلام کے دئیے ہوئے نظام عدل کے قیام کے لیے جان مال اور وقت صرف کریں گے تو اللہ کا نظام قائم ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ امراء اضلاع گراس روٹ لیول تک جماعت اسلامی کو منظم کریں لاکھوں افراد تک جماعت اسلامی کی دعوت پہنچائیں ،مرد ،خواتین اور نوجوانوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں ،جماعت اسلامی اگلے مرحلے پر ان نئے ممبران کو تربیت کے مراحل سے گزارنے کے لیے تربیت گاہوں کا اہتمام کررہی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں