0

پونچھ یونیورسٹی کے لئے سات ارب روپے سے زائد کے میگا پروجیکٹس کاافتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا

اسلام آباد(پرل نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پونچھ یونیورسٹی کے لئے سات ارب روپے سے زائد کے میگا پروجیکٹس کاافتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پرصدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر کے قیام کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو عالمی چیلنجز سے نبردآزما ہونے اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پرسیاسی اورسفارتی محاذپر بہترین انداز میں پیش کرنے کی خاطر اعلیٰ تعلیمی مواقعوں کی فراہمی اولین ترجیح رہی ہے۔ آج جامعہ پونچھ راولاکوٹ کے اساتذہ،انتظامی عملے،اہلیان راولاکوٹ اور بالخصوص طلباء و طالبات کیلئے انتہائی اہم اور خوشی کا دن ہے کہ ہم جامعہ پونچھ میں دو ارب ستر کروڑ روپے کی لاگت سے ’’میگا پراجیکٹ فیز ون‘‘ اکیڈمک بلاک کے افتتاح جبکہ ’’میگا پراجیکٹ فیز 2‘‘کا سنگ بنیاد رکھنے کے قابل ہو ئے۔ میں اس موقع پر اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہو ں کہ اس نے ہمیں یہ توفیق بخشی کہ ہم جامعہ پونچھ کے ایک دیرینہ اور پیچیدہ مسئلے کو حل کرنے کے قابل ہو ئے۔ میں یہاں پر حکومت پاکستان کا بھی بے حد مشکور ہو ں کہ اس نے آزاد خطہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے تعلیم کے شعبہ میں بڑی سرمایہ کاری کی۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر مختار احمد کا بھی بے حد شکریہ جو ذاتی دلچسپی لیکر ہماری معاونت کرتے رہے۔ اس موقع پر میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہو ںکہ جس طرح حکومت پاکستان نے تعلیم کے شعبہ میں حکومت آزاد کشمیر کی دل کھول کر معاونت کی ہم اسی جذبے کے تحت آزاد خطہ کو اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے۔ میں آج راولاکوٹ کے عوام کو یہ بھی خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ ہم بہت جلد’’ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے‘‘ جامعہ پونچھ کے چھوٹا گلہ کیمپس کا ٹینڈرنگ پراسس شروع کرنے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں