0

اسرائیل کا جنین کا ہسپتال فوری خالی کرنے کا حکم، پناہ گزین کیمپوں پر حملوں میں مزید24 فلسطینی شہید

غزہ(پرل نیوز)اسرائیل نے مغربی کنارے کے شہر جنین میں ابن سینا ہسپتال کو فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا،جنین مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے، اسرائیل نے رات بھر غزہ پر حملے جاری رکھے،جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں 11 اور خان یونس میں کم سن بچے سمیت 10 فلسطینی شہید ہو گئے ۔اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے غزہ میں قائم انڈونیشیا اسپتال مکمل غیر فعال ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے شہر جنین میں ابن سینا ہسپتال کا گھیرا ؤکر لیا ہے اور وہاں موجود ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہاتھ اٹھا کر باہر نکلنے کی وارننگ دی ہے۔علاقے میں بجلی، فون اور انٹر نیٹ کی سروسز بھی معطل ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے جنین مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق غزہ میں ڈرون حملے اور فائرنگ سے متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیل نے الشفا ہسپتال کا گھیراؤجاری رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ فوج نے ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ تباہ کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ہسپتال میں رکھی کئی لاشیں بھی نکال دیں۔علاوہ ازیں اسرائیل نے رات بھر غزہ پر حملے جاری رکھے۔جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں 11 اور خان یونس میں کم سن بچے سمیت 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔العربیہ کے نمائندے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا ہسپتال مکمل غیر فعال ہونے کی وجہ سے مریضوں کا علاج کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔ادھر فلسطین میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال میں اسرائیلی کارروائیوں کی وجہ سے انہیں سینکڑوں مریضوں اور ہسپتال کے عملے کیلئے فکر لاحق ہوگئی ہے۔اسی حوالے سے حماس نے رواں ہفتے کہا تھا کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں اور زمینی کارروائیوں نے 35 ہسپتالوں میں سے 25 ہسپتالوں قابل استعمال نہ چھوڑا جبکہ اسرائیل 94 سرکاری عمارتیں اور 253 اسکولوں کو بھی تباہ کرچکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر لوئس چاربونیو کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ہسپتالوں کو خاص تحفظ حاصل ہے اور اسی وجہ سے ڈاکٹروں، نرسوں، ایمبولینسوں اور ہسپتال کے دیگر عملے کو اپنا کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے جبکہ مریضوں کو بھی تحفظ فراہم کرنا چاہیے۔دوسری جانب اسرائیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الشفا ہسپتال میں اسرائیلی کمانڈوز تاحال حماس کی تلاشی کیلئے آپریشن کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں