0

آزادکشمیر میں ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز کیاجارہا ہے کسی کی سفارش نہیں چلے گی، وزراء حکومت

ہجیرہ(نمائندہ پرل ویو) وزیر ہائیر ایجوکیشن آزادجموں وکشمیر ظفر اقبال ملک، وزیر فنی تعلیم سردار عامر الطاف نے کہا ہے کہ آزادحکومت کالجز کی سطح پر جتنے اخراجات کررہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔اصلاحات کا عمل شروع ہوچکا ہے اور وزیر اعظم آزادکشمیر نے اپنی ذات سے اصلاحات کا آغاز کردیا ہے۔ماضی میں تعلیمی ادارے سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے جس کی وجہ سے آج محکمہ تعلیم کالجز میں خرابیوں کا سامنا ہے۔کالجز سوسائٹی میں وہ ادارے ہیں جہاں ایک نسل کی تعمیر ہوتی ہے ہم نے ماضی کی غلطیوں کو مدنظر رکھ کر نئی نسل کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا خصوصی اہتمام کرنا ہوگا۔وعدہ کرتاہوں کہ آزادکشمیر میں جب بھی کالجز کو اپ گریڈ کیاگیاتو ڈگری کالج ہجیرہ کو پوسٹ گریجوایٹ کادرجہ دوں گا۔جبکہ کالج کے لئے بس بھی مہیا کریں گے اور کالج کے دیگر مسائل بھی حل کریں گے۔ڈگری کالج ہجیرہ کے طلبہ و طالبات کی مثالی کارکردگی دیگر کالجز کے لئے مشعل راہ ہے۔ان خیالات کااظہار انھوں نے گذشتہ روزگورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ہجیرہ کی سالانہ تقریب یوم والدین و تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پرنسپل ادارہ سردار محمد لطیف خان، پروفیسر شاہد اقبال، پروفیسر اصغر صادق، پروفیسر منشا خان، پروفیسر ریاض الرحمن،پروفیسر محسن حنیف، سردار مصطفی خان و دیگر نے خطاب کیا۔اس موقع پر ڈی پی آئی کالجز پروفیسر ڈاکٹر خواجہ عبدالرحمن، ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر نذر خان، تحصیل انتظامیہ کے آفیسران، سول سوسائٹی کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقع پر مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ظفر اقبال ملک اور سردار عامر الطاف نے کہاکہ تعلیمی سیکٹر میں اصلاحات کسی خونی انقلاب سے کم نہیں ہوتیں یہا ں پر اپنی سوچ کا نذرانہ پیش کرنا پڑتا ہے۔آزادکشمیر کے بچوں میں ٹیلنٹ پاکستانی بچوں سے زیادہ ہے مگر بدقسمتی سے اس ٹیلنٹ کو ہم نکھارنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہوسکے۔ماضی میں ایسے جگہوں پر بھی ڈگری کالج قایم کئے گئے جہاں پر نہ تو بلڈنگ تھی اور نہ ہی فرنیچر اور سٹا ف مگر آزادکشمیر کی موجودہ حکومت نے اس قسم کی چیزوں کو مکمل ختم کردیا ہے۔انھوں نے کہاکہ ماضی میں وزیر اعظم 50/60گاڑیوں کے لاؤ لشکر میں نکلتا تھا جس سے عوام میں ایک اضطرابی کیفیت تھی کہ ہمارے ٹیکسوں کے پیسے پر حکمران طبقہ عیاشی کررہا ہے مگر موجودہ وزیر اعظم نے اصلاحات کا آغاز اپنی ذات سے کردیا ہے اور اب وزیراعظم کے ساتھ صرف دو سرکاری گاڑیاں اور ایک ان کی اپنی پرائیویٹ گاڑی ہوتی ہے اسی طرح ہر شعبہ میں اصلاحات کاآغاز کردیا ہے۔ ٹرانسفر پالیسی میں اصلاحات کی جارہی ہیں اورای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز کیاجارہا ہے جہاں کسی کی سفارش نہیں چلے گی۔انھوں نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلبہ، طالبات، کالج سٹاف اور والدین کو مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں