0

دنیا میں انسانی حقوق کادوہرا معیار ،آزادکشمیر اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے ، فاروق حیدر

مظفرآباد (پرل نیوز) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین کی تازہ ترین صورتحال ، معصوم بچوں کی بہیمانہ شہادتوں ، اقوام عالم بالخصوص امت مسلمہ کی جانب سے مجرمانہ خاموشی کے خلاف آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے اور متفقہ طور پر فلسطینی عوام کے حق میں قرارداد منظور کر کے اپنے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ شاہد لطیف خان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے دل خون کے آنسو رو رہا ہے ، معصوم بچے بلک بلک کر جان دے رہے ہیں ، کوئی ان کی آواز سننے کو تیار نہیں ، دنیا کے انسانی حقوق دوہرے معیار میں غزہ کی صورتحال دیکھ کر رات کو نیند نہیں آتی ، رب العالمین اپنے پیارے حبیبؐ کے صدقے ان معصوموں کی مدد فرما اور ظالموں کو سزا دے بے شک تو ہی قدرت رکھتا ہے ۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال یہ تقاضا کرتی ہے کہ ہم کم از کم سخت ترین الفاظ میں ریاست کے اعلیٰ ترین فورم کی جانب سے مذمت کریں جس کے لیے اسمبلی اجلاس بلایا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں