0

راولاکوٹ شہر میں موبائل کمپنیوں کی ناقص کاکردگی ، لوٹ مار کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

راولاکوٹ (پرل نیوز) جماعت اسلامی راولاکوٹ کے زیراہتمام موبائل کمپنیوں کی ناقص کارکردگی اور لوٹ مار کے خلاف احاطہ عدالت میں علامتی احتجاج کیا گیا جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران اور عوام نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی راولاکوٹ سردار عدنان رزاق نے کہا کہ موبائل کمپنیوں کی ناقص کارکردگی کے باعث راولاکوٹ بھر کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے متاثر ہیں موبائل کمپنیاں ماہانہ کروڑوں روپے راولاکوٹ سے ریونیو حاصل کرتی ہیں اور اس کے بدلے انتہائی ناقص سروس دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج یہ علامتی احتجاج ہے لیکن بہت جلد اس کے خلاف عدالتی کارروائی بھی کی جائے گی اور تمام فرنچائزز کے باہر دھرنے بھی دئیے جائیں گے۔ اس موقع پر نیشنل عوامی پارٹی کے سربراہ اظہر کاشر نے خطاب میں کہا کہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ کسی صورت قبول نہیں، مظاہرے سے خطاب میں لبریشن فرنٹ کے مرکزی رہنما عبدالقدیر خان نے کہا کہ اگر کمپنیوں نے روش نہ بدلی تو ٹاور اکھاڑنے کا آپشن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ طلبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ راولاکوٹ رومان فاروق نے کہا کہ ان کمپنیوں کی ناقص کارکردگی کا سب سے زیادہ شکار طلبہ ہیں اور ان کو پڑھائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نیپ ضلع پونچھ کے صدر سردار ذوالفقار عارف کا کہنا تھا کہ تمام کمپنیوں کو عوام کے حقوق ادا کرنے ہوں گے بصورت دیگر حالات کی ذمہ دار وہ تمام موبائل کمپنیاں ہوں گی۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں