0

40سال پرانی پبلک سروس گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ ، سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی کا فیصلہ

مظفرآباد(پرل نیوز) آزاد کشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد جاوید بٹ نے کہا ہے کہ 40سال پرانی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ کینسل کر کے گاڑیاں ضبط کی جائیں گی۔پبلک ٹرانسپورٹ میں سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔شکایت کی صورت میں گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیںگے۔آزاد کشمیر بھر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں کیمرے نصب کیے جائیں گے گاڑی میں آگ بجھانے والا آلہ نصب کرنا لازم قرار دے دے دیا گیا ہے۔اعلیٰ حکام سے گزارش کرتا ہوں ۔میرا ساتھ دیں تاکہ ان کے تعاون سے آزاد کشمیر میں ٹرانسپورٹ کے معاملات بہتر کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر ٹرانسپورٹ محمد جاوید بٹ نے مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 75سالوں سے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ٹھیک نہیں کیا گیا۔یہ بہت بڑا محکمہ ہے لیکن بدقسمتی سے اس کو محدود کر دیا گیا ہے۔جس کی اصل وجہ کرپشن اور ناقص کارکردگی ہے۔آزاد کشمیر ایک خوبصورت ترین علاقہ ہے یہاں پاکستان اور دنیا بھر سے لوگ سیروتفریح کیلئے آتے ہیں یہاں معیاری ٹرانسپورٹ کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ناقص ٹرانسپورٹ کی وجہ سے اکثر اوقات حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔کٹھارا گاڑیوں کو کسی صورت نہیں چلنے دیں گے۔میری خواہش ہے کہ آزاد کشمیر میں ڈبل ڈیکر بسیں چلیں جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔اس کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ روٹ پرمٹ اور اڈے فراہم کرے گا۔بائیکیا سروس کو بھی ہم روٹ پرمٹ جاری کریں گے اور ان کی فٹنس بھی لازمی ہو گی۔نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے حوالہ سے محکمہ ٹرانسپورٹ پالیسی بنا رہا ہے آج ہی سے پرمٹ کی فیس ادا کرنی ہو گی۔آزاد کشمیر بھر میں چلنے والی جیپوں اور کیری ڈبہ گاڑیوں کو بھی روٹ پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔ہمارا مشن آزاد خطہ کے عوام کو بہتر سے بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے اورپبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سیاحوں کو بھی سہولیات کی فراہمی کیلئے کام جاری رکھا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں