0

راولاکوٹ، عوامی حقوق تحریک کے زیر اہتمام اجلاس، بجلی بلات نذر آتش کرنیکا فیصلہ

راولاکوٹ (سٹی رپورٹر) راولاکوٹ میں سیاسی جماعتوں نے 30 نومبر کو عوامی حقوق تحریک کے سلسلہ میں احتجاجی ریلی منعقد کرنے اور بجلی کے اکٹھے کئے گئے بل نذر آتش کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 30 نومبر دن بارہ بجے کالج گراؤنڈ سے احتجاجی ریلی منعقد کی جائے گی۔ عوامی حقوق تحریک کے مطالبات کے حق میں احتجاج کے ساتھ ریلی کے شرکاء فلسطین کے مظلوم عوام سے بھی یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اجلاس احتجاجی دھرنا کمیٹی کے چئیرمن راشد حنیف کی جانب سے بلایا گیا تھا۔اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ، سردار محمد قدیر خان، سردار اظہر کاشر، ذوالفقار عارف، سردار ریاض احمد، عامر رفیق، راشد افراز، عدنان رزاق، بشارت علی خان، فاران مشتاق، صہیب کمال، رمضان رحیم، عبدالقدیر خان سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد 30 نومبر کو بل جلانے کے پروگرام کو بڑے پیمانے پر منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ طے پایا کہ تمام سیاسی کارکنان عوامی حقوق تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے مل کر کام کریں گے۔ تمام شہر اور دیہی علاقوں میں بل بائیکاٹ کی بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ زیادہ سے زیادہ بل جمع کر کے تیس نومبر کو کچہری چوک میں نذر آتش کئے جائیں گے۔ اجلاس میں مرکزی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تاہم کسی بھی طرح کے کمپرومائز کی صورت میں مل کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا اور طے پایا کہ بنیادی تین مطالبات کی منظوری تک ہر صورت میں تحریک کو جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں