0

تھرڈ پارٹی ایکٹ ناقابل عمل، فاروق حیدر نے اگلی حکومت کیلئے بم تیار کیا، وزراء حکومت

مظفرآباد (پرل نیوز) ترجمان آزادکشمیر حکومت و وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر حکومت کے خلاف این ٹی ایس کو جواز بنا کر لغو پروپیگنڈہ افسوسنا ک ہے۔ حکومت میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ 2016 سے 2021 تک سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے دور میں سابقہ طریقہ کار سے ہی ریکریوٹمنٹ کی جاتی رہی ہیں۔ سابق وزیراعظم نے اپنے دور حکومت کے آخری ایام میں نئی حکومتوں کے لیے تھرڈ پارٹی ایکٹ کا بم تیار کیا۔ تھرڈ پارٹی ایکٹ کی وجہ سے آج تک کوئی بھرتی نہیں ہوسکی۔ سوشل میڈیا پر غیرمصدقہ حقائق سے بدامنی پھیلانے کی کوشش نہ کی جائے۔ احتساب کا نظام مزید مضبوط بنانے جارہے ہیں، حکومت عوامی فلاح کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔قانون کی بالادستی کو ہرممکن یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان آزادکشمیر حکومت و وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے پی آئی ڈی ڈیجییٹل فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزرائے اعظم کی مراعات کے حوالے سے ایک آرڈیننس کی مدت ختم ہونے پر اسے لیگل کور دینے کے لیے اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے۔ وزیرتعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بلاجواز پروپیگنڈہ سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت این ٹی ایس ختم نہیں کررہی۔ حکومت گڈگورننس پر یقین رکھتی ہے، حکومت محکمہ تعلیم میں ریکرویٹمنٹ کے لیے تھرڈ پارٹی ایکٹ ختم نہیں کررہی، نوجوان تیاری پکڑیں، تھرڈ پارٹی / این ٹی ایس کے ذریعے سے جلد ہی حکومت آسامیاں مشتہر کرنے جارہی ہے۔ میرٹ کو ہر صورت فروغ دیا جائے گا۔ وزیرتعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی نے پی آئی ڈی ڈیجیٹل فورم پر این ٹی ایس کے خاتمہ کا پروپیگنڈے کا جواب میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ٹی ایس کو مزید شفاف طریقہ سے چلائیں گے۔ محکمہ تعلیم میں ریشنلائزیشن پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ جن سکولوں میں اسٹاف زیادہ اور بچوں کی تعداد کم ہے ان اداروں کو وہاں ضم کیا جائے گا جہاں ٹیچنگ سٹاف کم ہے اور سٹوڈنٹس زیادہ ہیں۔ وزیرخوراک آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف سوشل میڈیا پروپیگنڈہ پھیلا کر عوامی میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کو شش کی جارہی ہے۔ وزراء کی مراعات کے لیے کوئی بل نہیں پیش کیا گیا۔ محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس بحال ہے، منفی پروپیگنڈہ کو رد کرتے ہیں۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے قانون کی عملداری کو موثر انداز میں یقینی بنایا ہے وزیر خوراک آزادکشمیر چوہدری اکبر ابراہیم نے پی آئی ڈی ڈیجیٹل فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزرائے اعظم کے حوالے سے آرڈیننس سے متعلقہ قانون سازی پر پروپیگنڈہ کرتے ہوئے یہ تاثر فروغ دینے کی کوشش کی گئی کہ کابینہ مراعات میں اضافہ کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی ترجیحی ریاست کو سوشل و یلفیئرریاست بنانا ہے۔ حکومت عوامی ترقی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے، مظفرآباد کی بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ اتحادی حکومت کا وثرن عوامی فلاح ہے اور حکومت کے انقلابی اقدامات آزادکشمیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں