0

ویمن یونیورسٹی باغ میں وزیر اعظم سکیم کے تحت طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم

باغ(محمود راتھر سے) ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر باغ میں وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی وزیر حکومت بیگم امتیاز نسیم تھیں۔ تقریر سے خطاب کرتے ہوئے بیگم امتیاز نسیم نے کہا وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحمید کا شکریہ ادا کرتی ہوں میرے لیے آج اس تقریب میں آنا بڑے اعزاز کی بات ہے کیوں کہ یہ ریاست کی پہلی اور واحد خواتین کی درسگاہ ہے جس کو ہم سب نے مل کر بنانا ہے۔ ویمن یونیورسٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گی۔انہوں نے کہا باغ کے دونوں وزرائے کرام سے مل کر ادارے کی تعمیر و ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر انوار الحق تعلیم اور صحت پر بہت توجہ دے رہے ہیں۔ تعلیم اُن کی اولین ترجیح ہے اور وہ ویمن یونیورسٹی باغ کے مسائل کے حل میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے.۔ انہوں نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں نے بڑے مشکل حالات میں تعلیم حاصل کی، اُس دور میں ناکافی سہولیات کے باوجود اساتذہ کی محنت سے آج میں اس مقام پر ہوں۔ خواتین کسی بھی میدان میں مردوں سے کم نہیں ہیں اگر اُن کو برابری کی بنیاد پر مواقع دیے جائیں تو وہ اس ملک کی تعمیر و ترقی میں مردوں سے زیادہ بہتر کردار اداکر سکتی ہیں۔ آپ کو اگر دنیا میں اپنا مقام بنانا ہے تو اس کے لیے سخت جد وجہد و مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور اگر آپ ثابت قدم رہیں تو کامیابی آپ کا مقدر ہو گی۔ وزیر حکومت نے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحمید کی ادارہ کے لیے کی گئی کوششوں کاوشوں کا سراہااور اطمینان کا اظہار کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالحمید کی بروقت مالی، انتظامی اور اکیڈمک اصلاحات کی بدولت آج ویمن یونیورسٹی باغ ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحمید نے بیگم امتیاز نسیم ادارے میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا اُن کا کہنا تھا کہ آپ طالبات کے لیے مشعل راہ ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا یونیورسٹی سنگل جنڈر ہونے کی وجہ سے باقی جامعات کی نسبت زیادہ مالی مسائل کا شکار ہے۔ ریاست کی واحد خواتین کی درسگارہ پر حکومت کو خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق ایک دیانت دار اور ویژنری شخصیت ہیں وہ اداروں کے استحکام اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں۔ اُن کے آنے کے بعد ریاست کے نظام میں تبدیلی نظر آئی اور مجھے امید ہے وزیر اعظم ویمن یونیورسٹی باغ کے مسائل کو حل کر نے اور ادارہ کو مستحکم کرنے میں بھرپور کردار ادار کریں گے۔ 2020؁ء کے بعد آزاد کشمیر کی جامعات کو HECکی طرف سے کوئی گرانٹ نہیں ملی کیوں کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کے پاس چلے گئے ہیں اور آزاد کشمیر کا صوبے کا سٹیٹس نہیں ہے جس کی وجہ سے ہمیں گرانٹ نہیں مل سکی اور جامعات مالی بحران کا شکار ہیں۔ ویمن یونیورسٹی سنگل جنڈر ہونے کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں مالی مسائل کی وجہ سے ہم ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کر سکے۔ وائس چانسلر نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والی طالبات کو مبار کباد پیش کی اور کہاکہ ہماری طالبات نیشنل لیول پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں اور ریاست کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ طالبات اس ٹیکنالوجی کا صحیح استعمال کریں گی اور خود کو تحقیق اور ریسرچ کے میدان میں منوائیں گی۔ سکالر شپ کی وجہ سے داخلہ جات میں اضافہ ہوا تھا لیکن سکالر شپ بند ہونے کی وجہ سے غریب آدمی کو بڑا نقصان ہوا ہے اور اب غریب طلباء و طالبات کے لیے ہائر ایجوکیشن کے دروازے بندہو گے ہیں۔ ارباب اختیار کو اس طرف بھی توجہ مبذول کرنا ہو گی۔ کیوں کہ اس کی وجہ سے ہمارا لٹریسی ریٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ تقریب میں HECآفیشلز، ڈینز، پرنسپل آفیسران، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور طالبات نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر 140 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گے اور وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحمید نے وزیر حکومت بیگم امتیاز نسیم کو شیلڈ پیش کی اور تشریف آوری پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں