0

حکومت پاکستان بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلائے، آزادکشمیر اسمبلی

مظفرآباد(صباح نیوز) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے آرٹیکل 370 کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قرادادمتفقہ طورپرمنظور کر لی۔ وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید کی جانب نے ایوان سے متفقہ طورپر منظور ہونے والی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی سپریم کورٹ کے 11 دسمبر 2023 کے فیصلہ کی بھرپور اور شدید مزاحمتی انداز میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہیں۔ کشمیری اپنے پیدائشی حق حق خودارادیت کے حصول کیلئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے اور بھارتی حکومت کے تنازعہ جموں و کشمیر کے بین الاقوامی طور پر مسلمہ حیثیت کی برخلاق اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے مسترد کیے جائیں اور پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کر کے اس فیصلے کی مذمت کی جائے۔ اجلاس حکومت پاکستان سے یہ بھی مطالبہ کرتا ہے کہ دنیا بھر میں بالخصوص امریکہ چین برطانیہ روس اور یورپی یونین کے ممالک میں قائم سفارت خانوں کو بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے اور پانچ اگست 2019 کے بعد آج تک جموں کشمیر کے حوالہ سے مودی فاشسٹ حکومت کے یکطرفہ اقدامات کی مذمت اور مستردگی کے لیے حمایت حاصل کرنے کے لیے سفارتی ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے۔ اجلاس موجودہ صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کرتا ہے،یہ ایوان اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر کے تمام شہدا غازیوں بھارتی جبر استبداد اور ظلم و ستم کا نشانہ بننے والے باشندگان جموں کشمیر بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید کشمیریوں اور سیاسی قیادت کی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں حکومتی و اپوزیشن ممبران اسمبلی نے اجلاس کے بعد مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے مبصر کے پاس قانون سازاسمبلی کی جانب سے منظورکردہ قراردادجمع کروائی۔ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہندوستانی سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل370 کے بارے میں متعصبانہ اور فیصلے کے بعد لائحہ عمل بنانے اورکشمیر کاز کو جاندارانداز میں اجاگر کرنے کیلئے پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی گئی۔ کمیٹی ممبران میں سپیکر چوہدری لطیف اکبر،خواجہ فاروق احمد، راجہ محمد فاروق حیدرخان، سردارعتیق احمد خان، سردارعبدالقیوم نیازی، عبدالماجد خان، میاں عبدالوحید، صاحبزادہ حافظ حامد رضا اورمحترمہ تقدیس گیلانی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں